ٹاسولے،14؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)انڈیا اے کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 8 وکٹ سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جب چار ممالک کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم 55رنز کے شرمناک اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی اننگز صرف 15.4اوور تک جاری رہی۔ہندوستان کے لیے صرف اکشر پٹیل(15)ہی دہرے ہندسے تک پہنچ سکے۔آسٹریلیا کے کرس ٹریمین اور انکار وورال نے مل کر نو وکٹ لئے۔میزبان ٹیم نے 17.1اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ٹریمین نے سات اوور میں 25رن دے کر پانچ وکٹ لئے جبکہ وورال نے 7.4اوور میں 26رن دے کر چار وکٹ چٹکائے۔ہندوستان کی آدھی ٹیم اس وقت پویلین لوٹ گئی جب اسکور بورڈ پر صرف 22رنز موجو تھے۔پٹیل نے اگر 15رنز نہیں بنائے ہوتے تو سکور اور کم ہوتا۔جواب میں آسٹریلیا کے لیے کرٹس پیٹرسن نے ناقابل شکست 23اور مارکس سٹونس نے 19رنز بنائے۔انڈیا اے کو 17اگست کو جنوبی افریقہ سے دوسرا میچ کھیلنا ہے۔